ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / عید کا تیسرا روز فلسطینی شہروں میں اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن جاری

عید کا تیسرا روز فلسطینی شہروں میں اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن جاری

Thu, 15 Sep 2016 17:13:02    S.O. News Service

رملہ، 15؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اسرائیلی فوج کی جانب سے عید کی حرمت اور تقدس کو پامال کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بدھ کو قابض فورسز کی بھاری تعداد نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جگہ جگہ چھاپے مارے گئے اور نہتے فلسطینیوں کو زدو کوب کیا گیا۔ قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کو علی الصباح گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم پانچ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں اسرائیلی فوج پر حملوں میں ملوث مشبہ مزاحمت کار بھی شامل ہیں۔ عید کے تیسرے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں اور بیت المقدس میں جگہ جگہ ناکے لگا کر فلسطینیوں کی شناخت پریڈ اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران متعدد افراد کو بغیر کسی وجہ کے حراست میں لے لیا گیا۔اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے تلاشی کی کارروائیوں میں قلندیا پناہ گزین کیمپ اور مشرقی قلقیلیہ میں جیت قصبے سے تین فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ گرفتار کیے گئے فلسطینی نوجوان فوج اور یہودی آباد کارو پر چاقو حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق قلندیا سے شہید فسطینی عیسیٰ عساف کے بھائی عبداللہ عساف کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ایک دوسرے فلسطینی نوجوان جس کی شناخت مصعب خلف کے نام سے کی گئی ہے کو العزیریہ کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔قبل ازیں صہیونی فوج نے اللتون اور البیاضہ کے مقامات سے 16 سالہ عمرو محمد عوض اور 22 سالہ عدی عیسیٰ الزکراوی کو حراست میں لیا گیا۔


Share: